Wednesday, August 12

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے داخلوں کے ساتھ درسی کتب کی ترسیل شروع کرکے تاریخ رقم کردی

اسلام آباد، 10 اگست 2026 (غفران): علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے طلبہ کو بروقت تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے خزاں 2026 سمسٹر میں داخلہ لینے والے طلبہ کو درسی کتب کی ترسیل جاری داخلہ مہم کے ساتھ ہی شروع کردی ہے۔ یہ اقدام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو تعلیمی مواد بروقت فراہم کیا جاسکے۔یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ داخلوں کے ساتھ ہی درسی کتب کی ترسیل کا عمل شروع کیا گیا ہے، جس کے باعث طلبہ کو غیرضروری تاخیر کے بغیر اپنی متعلقہ نصابی کتب موصول ہوں گی اور وہ سمسٹر کے آغاز ہی سے اپنی تعلیمی سرگرمیاں شروع کرسکیں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ طلبہ کو درسی کتب کے لیے انتظار کی زحمت سے بچانا اور انہیں بروقت تعلیمی مواد فراہم کرنا یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی سفر کے آغاز ہی میں ضروری مطالعاتی مواد فراہم کرنا اور فاصلاتی نظامِ تعلیم کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ درسی کتب کی ترسیل یونیورسٹی کے سالانہ تعلیمی کیلنڈر کے مطابق مقررہ شیڈول کے تحت مکمل کی جائے اور ہر طالب علم کو اس کے منتخب کردہ کورسز کے مطابق درسی کتب کا مکمل سیٹ فراہم کیا جائے۔گزشتہ سمسٹر کے دوران طلبہ کو درسی کتب کے نامکمل سیٹس موصول ہونے کی شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ہدایت کی کہ موجودہ سمسٹر میں ایسی شکایات سامنے نہیں آنی چاہئیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہر طالب علم کے منتخب کردہ کورسز کے مطابق مکمل کتابی پیکجز احتیاط سے تیار کرکے بروقت ان کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔وائس چانسلر نے مزید ہدایت کی کہ درسی کتب کی تیاری اور ترسیل کے عمل میں دستیاب انسانی وسائل، لاجسٹک سہولیات اور انتظامی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈائریکٹر داخلہ سید ضیاء الحسنین نے وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس اور ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو درسی کتب ارسال کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو بھی مقررہ شیڈول کے مطابق مرحلہ وار درسی کتب فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ خزاں 2026 سمسٹر میں داخلہ لینے والے تمام طلبہ کو درسی کتب کی ترسیل 15 نومبر 2026 تک مکمل کرلی جائے گی۔سید ضیاء الحسنین نے کہا کہ داخلہ عمل کے ساتھ درسی کتب کی ترسیل کو مربوط کرنے سے طلبہ کو اپنی متعلقہ نصابی کتب تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز ہی سے دستیاب ہوں گی، جس سے وہ اپنی پڑھائی کی بہتر منصوبہ بندی کرسکیں گے اور تعلیمی عمل میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا یہ اقدام محض درسی کتب کی تقسیم کے نظام میں بہتری نہیں بلکہ طلبہ کے وقت کی قدر، تعلیمی تسلسل اور بروقت خدمات کی فراہمی کے عزم کا عملی اظہار بھی ہے۔داخلوں کے ساتھ درسی کتب کی ترسیل کا آغاز فاصلاتی نظامِ تعلیم سے وابستہ طلبہ کے لیے ایک اہم سہولت ہے، جو یونیورسٹی کی بہتر انتظامی کارکردگی، تعلیمی خدمات میں بہتری اور طلبہ مرکز پالیسیوں کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔