Saturday, August 8

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026: پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

دبئی، 8 اگست 2026 (غفران): ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا، جس کے مطابق پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کی ویمنز ٹیم اور روایتی حریف بھارت کے درمیان اہم مقابلہ 5 ستمبر کو ہوگا، جسے ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ متوقع میچز میں شمار کیا جا رہا ہے۔آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چائنا شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا آغاز 28 اگست کو ہوگا، افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چائنا کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے تمام 15 میچز کی میزبانی کرے گا، جس میں 13 ستمبر کو کھیلا جانے والا فائنل بھی شامل ہے۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ شائقین کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوگا، جبکہ تمام ٹیموں کو براعظمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع ملے گا۔