
لاہور – 07 اگست 2026 (کامران راجہ): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث ملزم کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت چوہدری شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، جسے لاہور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے معروف رجسٹرڈ کمپنی کی بڑی تعداد میں جعلی مصنوعات برآمد کی گئیں۔ ملزم مبینہ طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں کے نام اور شناخت استعمال کرتے ہوئے جعلی مصنوعات کی فروخت میں ملوث تھا، جس سے کاپی رائٹ اور دانشورانہ املاک کے قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی تھی۔ ایف آئی اے نے برآمد شدہ جعلی مصنوعات کو قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے