Thursday, August 6

وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچ گئے

جدہ، 6 اگست 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے۔ جدہ پہنچنے پر مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی وزیر برائے ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی سعودی قیادت سے گفتگو کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے جبکہ مدینہ منورہ میں روضۂ رسول حضرت محمد ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور عطا اللہ تارڑ، جبکہ وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی بھی سعودی عرب کے دورے پر موجود ہیں۔ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔