
اسلام آباد، 5 نومبر 2026 (کامران راجہ): یو این ویمن پاکستان نے صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے 17 کاروباری اداروں اور شخصیات کو ویمنز امپاورمنٹ پرنسپلز (WEPs) ایوارڈز 2026 کے تحت اعزازات سے نوازا ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی اس قومی ایوارڈ تقریب کا اہتمام یو این ویمن پاکستان نے ڈیرین اور سورٹی کے اشتراک سے کیا، جبکہ جیو نیوز میڈیا پارٹنر تھا۔ سات مختلف شعبوں میں دیے جانے والے ان اعزازات کے لیے ملک بھر سے 52 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں بڑی کمپنیوں کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے بھی شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو این ویمن پاکستان کے کنٹری نمائندے جمشید ایم کاظی نے کہا کہ کاروباری کامیابی کا حقیقی معیار صرف کمپنیوں کی پیداوار نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں اور مستقبل پر ان کے مثبت اثرات بھی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو قیادت، باوقار روزگار، منصفانہ کاروباری مواقع اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دینے سے معیشت میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے، اس لیے کاروباری اداروں کو صنفی مساوات کے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہوگا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساوی مواقع، جامع دفتری ماحول اور خواتین کی قیادت کے فروغ کے لیے حکومت، کاروباری اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ کلیدی مقرر اور ساؤتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشات فاطمہ نے کہا کہ کاروباری ادارے خواتین کو آگے بڑھنے، صلاحیتوں کے اظہار اور قیادت کے مساوی مواقع فراہم کرکے صنفی مساوات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں، جدت کو فروغ ملتا ہے اور پاکستان زیادہ جامع اور خوشحال معیشت کی جانب بڑھتا ہے۔ ایوارڈز کے ذریعے ایسے اداروں کی کاوشوں کو سراہا گیا جنہوں نے صنفی مساوات پر مبنی دفتری پالیسیاں متعارف کرائیں، اپنی مصنوعات اور خدمات میں صنفی پہلوؤں کو شامل کیا، جامع خریداری کے نظام کو فروغ دیا اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے شراکت داریاں قائم کیں۔ تقریب میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے کردار کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ قیادت کے عزم کے شعبے میں ڈاکٹر محمد سلیمان، سفکو مائیکروفنانس کمپنی، کو پہلی جبکہ زنیرا عمر ثاقب، دی اسکوائر پیگ، کو دوسری رنر اپ پوزیشن دی گئی۔ صنفی شمولیت پر مبنی دفتری ماحول کے شعبے میں فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ایبیکس پہلی اور آرٹسٹک ملنرز دوسری رنر اپ قرار پائے۔ صنفی طور پر حساس مارکیٹ پلیس کے شعبے میں پاکستان مائیکروفنانس انویسٹمنٹ کمپنی کامیاب رہی، جبکہ والی فنانشل سروسز اور بینک آف پنجاب نے بالترتیب پہلی اور دوسری رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔ جامع خریداری کے شعبے میں جاز ورلڈ (پی ایم سی ایل) کو وی رائز ٹوگیدر کی سرپرستی میں اعزاز دیا گیا۔ کمیونٹی انگیجمنٹ اور شراکت داریوں کے شعبے میں موبی لنک بینک فاتح رہا، جبکہ اینگرو فرٹیلائزرز اور ای ایف یو لائف انشورنس بالترتیب پہلی اور دوسری رنر اپ قرار پائے۔ صنفی مساوات کے لیے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایچ بی ایل نے کامیابی حاصل کی، جبکہ بایونکس پہلی رنر اپ رہا۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبے میں دوام لائف فاتح قرار پایا، جبکہ فروٹ آف سسٹین ایبلٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ قومی سطح پر ایوارڈ حاصل کرنے والے اداروں اور شخصیات کو علاقائی 2026 ایشیا پیسیفک ویمنز امپاورمنٹ پرنسپلز ایوارڈز کے لیے زیر غور لایا جائے گا، تاہم اس کا انحصار اہلیت کے معیار اور حتمی انتظامات کی تصدیق پر ہوگا۔ علاقائی ایوارڈز کی تقریب یکم دسمبر 2026 کو منعقد ہونے اور یو این ویمن ایشیا پیسیفک کے یوٹیوب چینل پر نشر کیے جانے کا شیڈول ہے۔ یو این ویمن اقوام متحدہ کا وہ ادارہ ہے جو خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے قوانین، اداروں، سماجی رویوں اور خدمات میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے کام کرتا ہے۔