کراچی، 6 ستمبر ,2026 (نوشین): یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد کراچی میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان اور ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ 72 پی اے ایف کیڈٹس پر مشتمل دستے میں 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس شامل تھے، جنہوں نے مزار قائد پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ کیڈٹس نے پروقار پریڈ کے ذریعے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور یوم دفاع کی تقریبات کے سلسلے میں مزار کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھالی۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب قائداعظم سے عقیدت اور احترام کے اظہار کے ساتھ قومی جذبے اور ملکی دفاع کے عزم کی تجدید کا مظہر تھی۔ ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر ایک بار پھر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ ہو یا معرکہ حق، پاک فضائیہ ہمیشہ پاکستان کی سلامتی کے لیے پرعزم رہی ہے اور اس نے ہر موقع پر قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی۔ حسن فیصل نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود پاک فضائیہ کے تحفظ میں ہیں اور ملکی خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ مستقبل میں بھی پاکستان کی فضائی حدود، خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔
