Thursday, December 19

ہرڈن، ورجینیا میں 4 1اگست کو یوم آزادی پاکستان کے طور پر منایا جائے گا۔

ہرڈن، ورجینیا میں 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان کے طور پر منایا جائے گا۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان سے ہرڈن ورجینیا کونسل کی رکن محترمہ نائلہ عالم نے ملاقات کی اور ہرڈن میں 14 اگست 2023 کو یوم آزادی پاکستان کے طور پر منانے کا ایک اعلامیہ پیش کیا ۔ یہ ملاقات سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں ہوئی۔
اس اعلان پر ہرڈن، ورجینا کی میئر شیلا اے اولم نے دستخط کیے تھے۔
محترمہ نائلہ عالم پہلی پاکستانی ہیں جو دو بار ٹاؤن کونسل ہرڈن، ورجینیا کے لیے منتخب ہوئیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے محترمہ نائلہ عالم کو ان کی کاوشوں کے ثمرات پر مبارکباد پیش کی جس سے ان کی اپنے وطن سے گہری محبت واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے۔
محترمہ نائلہ عالم کو ان کے بروقت اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ اس اعلان سے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نچلی سطح پر ملک کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کمیونٹی کے لیے محترمہ عالم کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان اور دونوں اقوام کی مشترکہ اقدار کے بارے میں زیادہ سے زیادہ تفہیم پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
مسعود خان نے کہا کہ عوامی روابط کو فروغ دینا اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ ہر ممکن سطح پر اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانا ترجیح ہے۔ دونوں ممالک کو قریب لانے اور پاک امریکہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں پاک-امریکی کمیونٹی کا بہت بڑا کردار ہے۔
محترمہ عالم نے کہا کہ دو بار منتخب ہونا اور اپنے لوگوں کی خدمت کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ 14اگست کو آزادی پاکستان کے دن کے طور پر منانے کا اعلان ہرڈن کے پاک-امریکی شہریوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہرڈن کی قیادت میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے احترام کا مظہر ہے۔
محترمہ نائلہ عالم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ “ٹاؤن آف ہرڈن پاکستانی امریکیوں کا گھر ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس موقع پر ہماری کمیونٹی ہمارے معاشرے کے تمام پہلوؤں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی امیدوں، خوابوں اور اہم شراکت کا جشن مناتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹاؤن آف ہرڈن، ورجینیا کے میئر نے 14 اگست 2023 کو، ہرنڈن ٹاؤن میں پاکستان کے یوم آزادی کے طور پر اعلان کیا ہے اورشہریوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔ ہرنڈن کمیونٹی ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے محترمہ نائلہ عالم کو ان کے سیاسی کیریئر کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی اور انسانی ہمدردی کی کوششوں میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

ایڈیٹر: ارسلان مجید

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *