Sunday, August 16

ہاکی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دے دی

ہاکی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دے دی

ایمسٹل وین، 16 اگست، 2026 (غفران): ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے پول ڈی کے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹل وین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ انگلینڈ نے میچ کے آغاز ہی سے گیند پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے بھرپور حملہ کیا اور چاروں کوارٹرز میں پاکستان پر دباؤ قائم رکھا۔ انگلینڈ نے چار گول کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے صرف ایک گول اسکور کیا گیا۔پاکستانی دفاع کو انگلینڈ کے مسلسل حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ نے متعدد پنالٹی کارنرز حاصل کیے اور کئی خطرناک مواقع پیدا کیے۔ پاکستان کو بھی دو پنالٹی کارنرز ملے تاہم قومی ٹیم دونوں مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ رش میر نے 12ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے کوارٹر میں سام وارڈ نے دوسرا گول کرکے انگلینڈ کی برتری 2-0 کردی۔سیموئل ہوپر نے 31ویں منٹ میں تیسرا گول کیا، جبکہ جیمز البرے نے 47ویں منٹ میں چوتھا گول کرکے انگلینڈ کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔پاکستان کی جانب سے رحمان عبد الافراز نے 50ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا اور قومی ٹیم کی واپسی کی امید پیدا کی، تاہم انگلینڈ کے دفاع نے آخری لمحات میں پاکستانی حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 4-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔یہ شکست پاکستان کے لیے ورلڈ کپ میں واپسی کے بعد ایک مشکل آغاز ہے۔ پاکستان نے 2018 کے بعد پہلی بار ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کی ہے، جبکہ قومی ٹیم 2023 کے ایڈیشن کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔ پاکستان اب 17 اگست کو ویلز کے خلاف میدان میں اترے گا، جبکہ 19 اگست کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ اہم مقابلہ ہوگا۔