Monday, October 12

کینیڈین امیگریشن حکام کی جانب سے داخلے سے انکار، پاکستانی اداکارہ میرا کو امریکہ واپس بھیج دیا گیا

Pakistani Actress Meera Sent Back to US After Canada Denies Entry

اسلام آباد، 11 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستانی فلمی اداکارہ میرا، جن کا اصل نام سیدۃ ارتضیٰ روباب ہے، کو کینیڈا کے امیگریشن حکام نے نیاگرا سرحد پر داخلے سے انکار کرتے ہوئے امریکہ واپس بھیج دیا۔ اطلاعات کے مطابق میرا نیویارک سے کینیڈا ایک شو میں شرکت کے لیے جارہی تھیں، جہاں امیگریشن حکام نے انہیں کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کے لیے روکے رکھا، جس کے بعد انہیں امریکہ واپس بھیج دیا گیا۔ حکام کی جانب سے اس کارروائی کی وجوہات تاحال واضح نہیں کی گئیں۔ اداکارہ اس سے قبل اپنی فلم سائیکو کی تشہیر اور اسٹیج پرفارمنس کے لیے کیلگری بھی جاچکی ہیں۔ میرا کو ماضی میں برطانیہ میں بھی امیگریشن مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں ہیتھرو ایئرپورٹ پر پوچھ گچھ کے بعد حکام نے انہیں داخلے سے روک دیا اور 10 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔ پابندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود انہیں برطانوی ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ اطلاعات کے مطابق ان کی بعد کی ویزا درخواست اس وقت مسترد کردی گئی جب ان کے ٹریول ایجنٹ کی جانب سے مبینہ طور پر غلط معلومات جمع کرائی گئیں، جسے برطانوی حکام نے غلط بیانی قرار دیا۔ جولائی 2025 میں میرا نے لندن میں زیر علاج اپنی بہن سے ملاقات کے لیے برطانوی حکومت سے ویزا جاری کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان اور گھر لندن میں ہے اور امیگریشن تنازع کے باعث وہ کئی برسوں سے اپنے اہل خانہ سے ملاقات نہیں کرسکیں۔ امریکی گرین کارڈ رکھنے والی میرا ذاتی اور پیشہ ورانہ مصروفیات کے سلسلے میں اکثر امریکہ کا سفر کرتی رہتی ہیں۔