Wednesday, November 11

کوہاٹ میں پولیس ٹیم پر دہشتگردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 11 اہلکار شہید

11 Policemen, Including DSP, Martyred in Terrorist Attack on Kohat Police Team

اسلام آباد، 11 نومبر 2026 (کامران راجہ): خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں دہشتگردوں کے حملے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اور سب انسپکٹر سمیت کم از کم 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق پولیس ٹیم غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقے دربوکاچ جالندھر بانڈہ جا رہی تھی کہ پہاڑیوں پر موجود دہشتگردوں نے اس پر فائرنگ کردی۔ کوہاٹ پولیس کے ترجمان محمد نعمان زیب نے تصدیق کی کہ حملے میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شہید ہوئے، جبکہ دہشتگردوں نے پولیس کی پانچ موبائل گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ حملے کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد اضافی پولیس نفری اور بھاری کمک جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی۔ علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔ گورنر نے کہا کہ دہشتگردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ادھر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ سمر ہارون بلور نے بھی کوہاٹ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔