
اسلام آباد، 11 نومبر 2026 (غفران): ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور ان کے معاشی و سماجی اثرات کم کرنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی ہنگامی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔ اس سہولت کے تحت سیلاب، زلزلے یا دیگر قدرتی آفات کی صورت میں پاکستان کو فوری بجٹ معاونت فراہم کی جائے گی، جس سے قومی معیشت اور سرکاری خزانے پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے باعث ہر سال اوسطاً 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے، جبکہ 2022 کے تباہ کن سیلابوں سے 14 ارب 90 کروڑ ڈالر کا براہ راست نقصان اور 15 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاشی خسارہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوگئے تھے۔ قدرتی آفات سے غریب اور دیہی آبادی سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے، جبکہ خواتین اور بچیوں کو بھی غیر متناسب مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ مالی معاونت اے ڈی بی کے کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس انہانسمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت منظور کی گئی ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانا، خطرات کے انتظام کو مضبوط کرنا اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں آفات سے تحفظ کے اقدامات شامل کرنا ہے۔ پروگرام کے ذریعے قدرتی آفات کے بعد مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنانے اور پاکستان کے ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران کمزور اور محروم طبقات سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشگی تیاریوں میں سرمایہ کاری سے انسانی جانوں اور روزگار کا تحفظ، معاشی نقصانات میں کمی اور ترقیاتی کامیابیوں کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ایما فین نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کو اہم اصلاحات پر عمل درآمد اور مستقبل کو زیادہ محفوظ اور مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی قومی ترجیحات اور ایشیا و بحرالکاہل میں موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خلاف مضبوط نظام کے فروغ کے لیے اے ڈی بی کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔