Friday, August 21

چیف آف دی نیول اسٹاف کی زیر صدارت کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس

چیف آف دی نیول اسٹاف کی زیر صدارت کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس

اسلام آباد، 19 اگست 2026 (نوشین): پاکستان نیوی کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی، جبکہ پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔ فورم میں بدلتی ہوئی بحری سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں روایتی اور غیر روایتی خطرات، اہم بحری گزرگاہوں پر تیزی سے بدلتی صورتحال، آزادیٔ نقل و حرکت کو درپیش خطرات اور اہم سی لائنز آف کمیونیکیشن کی سکیورٹی شامل تھی۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاری اور مشکل نوعیت کے مشنز انجام دینے کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے مضبوط بحری دفاع یقینی بنانے کے لیے مؤثر تربیت، حربی نظم و ضبط اور مشترکہ رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

نیول چیف نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے مقابلے میں برتری برقرار رکھنے کے لیے غیر متناسب صلاحیتیں اور جدید ٹیکنالوجیز ناگزیر ہیں۔ انہوں نے امن، استحکام اور علاقائی بحری سلامتی کے فروغ میں پاکستان نیوی کے کلیدی کردار کو بھی اجاگر کیا۔ کانفرنس میں آپریشنل تیاری، جاری اقدامات اور آئندہ سرگرمیوں کا جامع جائزہ لیا گیا، جبکہ بدلتے ہوئے بحری چیلنجز کے تناظر میں اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ ترین فیصلہ سازی کا فورم ہے، جہاں چیف آف دی نیول اسٹاف، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز اسٹریٹجک ترجیحات، آپریشنل تیاری اور ادارہ جاتی پالیسیوں پر غور کرتے ہیں۔