
لاہور، 6 اگست 2026 (غفران): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر ہر قسم کی ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ کارروائی ویزا درخواست کے دوران فراہم کی گئی معلومات سے متعلق انضباطی کارروائی کے بعد عمل میں لائی گئی۔ پی سی بی کے مطابق انکوائری میں یہ ثابت ہوا کہ حمزہ نذر نے ویزا درخواست جمع کراتے وقت مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن معلومات دیں اور اہم حقائق کو چھپایا۔ بورڈ کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے حمزہ نذر کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور الزامات کا جواب دینے کا مکمل موقع فراہم کیا۔
کمیٹی کی سفارشات اور دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے حمزہ نذر پر ہر قسم کی ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر دو سال کی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ ان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ حمزہ نذر اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 29 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 29.92 کی اوسط سے 748 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ 27 سالہ دائیں ہاتھ کے بلے باز گزشتہ سال سیالکوٹ ریجن کی ٹیم کا حصہ تھے، جس نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں کراچی ریجن بلیوز کا مقابلہ کیا تھا۔ حمزہ نذر نے فائنل کی پہلی اننگز میں 64 جبکہ دوسری اننگز میں 56 رنز بنائے، تاہم ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کرکٹ میں دیانت داری، شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور بورڈ کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔