لاہور، 23 اگست 2026 (غفران): جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے پٹرولیم لیوی کے خلاف 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد بہترین انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت کو ہر صورت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آٹا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، عوام آگے بڑھیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بھی کھاد مناسب قیمتوں پر دستیاب نہیں، جبکہ سرکاری افسران ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے مہنگی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے محض یقین دہانیوں کی بنیاد پر مزید مذاکرات نہیں ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ دھرنا اسی وقت ختم ہوگا جب حکومت عملی طور پر جماعت اسلامی کے مطالبات تسلیم کرے گی۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کو ’’بھتہ ٹیکس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے کسی صورت عائد نہیں کیا جانا چاہیے۔ حکومت کو پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔ امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب بھی مارچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی نہیں روک سکتا اور جماعت اسلامی کا کوئی کارکن قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دے رہی ہے اور احتجاج کا آج آٹھواں روز ہے۔
