Monday, November 9

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا، خیبرپختونخوا میں انتخابی عمل معطل

ECP Announces February 7 for First Phase of Punjab Local Government Elections, Suspends Poll Process in KP

اسلام آباد، 5 نومبر 2026 (نوشین): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کر دی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا جاری عمل آئندہ احکامات تک معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن کے چار رکنی بینچ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق انتظامات اور درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست منظور کر لی گئی، جس میں سموگ، شدید دھند، ماہ رمضان اور پولنگ کے لیے اسکول اساتذہ کی عدم دستیابی کو وجوہات قرار دیا گیا تھا۔ پنجاب کے چیف سیکریٹری نے کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران انتخابات کرانے پر اتفاق کیا تھا، تاہم بعد ازاں نظرثانی شدہ شیڈول کی درخواست کی گئی۔ مشاورت کے بعد حکومت نے انتخابات جنوری یا فروری 2027 میں کرانے کی تجویز دی اور مؤقف اختیار کیا کہ فروری میں موسم نسبتاً بہتر ہو جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد تمام امیدواروں اور ووٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ کمیشن نے صوبوں، کنٹونمنٹ علاقوں اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری کا بھی اعادہ کیا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 4 نومبر کو وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کا جائزہ لینے کے بعد خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمیشن نے حکم نامے کی شق نمبر 2 کا جائزہ لیا، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیا گیا ہے، اور نشاندہی کی کہ اس حکم کا دائرہ سابقہ احکامات میں شامل اضلاع سے آگے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 140 اے کی ذیلی شق 2 کا بھی جائزہ لیا، جس کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کو سونپی گئی ہے۔ کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے تازہ حکم نامے سے خیبرپختونخوا کے باقی ماندہ اضلاع میں انتخابی عمل متاثر ہوا ہے، جس کے باعث انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ چنانچہ کمیشن نے متعلقہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے کیے گئے تمام اقدامات آئندہ احکامات تک معطل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ان اضلاع میں انتخابی شیڈول کی تیاری کی ہدایت کی تھی جہاں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا تھا، جبکہ خصوصی انتظامی بندوبست اور وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت بعض اضلاع کو اس عمل سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔