
پیرس، 09 اگست 2026 (غفران): پاکستان کے محمد زبیر نے پیرس میں منعقد ہونے والے ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکن 8 کے عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ محمد زبیر نے ہفتے کو کھیلے گئے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے لوہائی کو 0-5 سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔ پاکستانی ای اسپورٹس کھلاڑی نے 5 سے 8 اگست تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں شاندار سفر طے کیا۔ زبیر نے ابتدائی مراحل میں سخت مقابلوں کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائی اور دنیا کے بہترین ٹیکن کھلاڑیوں کو شکست دیتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ جمعہ کو دوسرے گروپ مرحلے میں محمد زبیر کا مقابلہ اپنے ہم وطن اور عالمی سطح پر معروف ٹیکن کھلاڑی ارسلان ’’ایش‘‘ صدیقی سے ہوا، جہاں زبیر نے کامیابی حاصل کی۔ دونوں کھلاڑی ہفتے کو سیمی فائنل میں ایک بار پھر آمنے سامنے آئے، جہاں انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں محمد زبیر نے ارسلان ایش کو 4-5 سے شکست دے کر گرینڈ فائنل میں جگہ بنائی۔ گرینڈ فائنل میں محمد زبیر نے جنوبی کوریا کے لوہائی کے خلاف انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 5-0 سے کلین سوئپ کیا اور ٹیکن 8 کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ارسلان ’’ایش‘‘ صدیقی تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا کے یاگامی کے ہاتھوں شکست کے بعد چوتھی پوزیشن پر رہے۔محمد زبیر کی تاریخی کامیابی نے عالمی ای اسپورٹس کے میدان میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔ اس سے قبل ان کے ہم وطن ارسلان ایش نے جون میں لاس ویگاس میں ہونے والی 2026 ایوو چیمپئن شپ جیتی تھی اور اس باوقار فائٹنگ گیم ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں کال آف ڈیوٹی: بلیک اوپس 7، کاؤنٹر اسٹرائیک 2، ڈوٹا 2، لیگ آف لیجنڈز، اسٹریٹ فائٹر اور ویلورنٹ سمیت دنیا کے معروف گیمنگ ٹائٹلز کے مقابلے شامل ہیں، جن میں دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔محمد زبیر کی یہ تاریخی فتح پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ای اسپورٹس شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور عالمی سطح پر مسابقتی گیمنگ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا واضح ثبوت ہے۔