
اسلام آباد، 17 اگست 2026 (کامران راجہ) – پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی، جو ملک کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان اور اسلحہ کنٹرول و بین الاقوامی سلامتی کے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ طاہر اندرابی کانفرنس کی صدارت کریں گے اور جنیوا میں اہم اجلاسوں کی سربراہی کریں گے۔ پاکستان اپنی صدارت کے دوران جوہری تخفیف اسلحہ، جوہری جنگ کی روک تھام، خلا میں سلامتی، فیزیبل میٹریل کٹ آف ٹریٹی (ایف ایم سی ٹی)، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کے فوجی استعمال سمیت اہم امور پر مذاکرات کو آگے بڑھائے گا۔ خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ کی روک تھام کے معاملے پر بڑی طاقتوں کے درمیان اختلافات کو کم کرنا اور اتفاق رائے پیدا کرنا پاکستان کے لیے ایک اہم چیلنج ہوگا۔ پاکستان کی صدارت ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب عالمی سطح پر تزویراتی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس میں روس یوکرین تنازع، امریکا چین مسابقت، جوہری ہتھیاروں کی جدید کاری اور مصنوعی ذہانت و خلائی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے فوجی استعمال شامل ہیں۔ 65 رکنی تخفیف اسلحہ کانفرنس دنیا کا واحد مستقل کثیرالجہتی مذاکراتی فورم ہے جو تخفیف اسلحہ اور اسلحہ کنٹرول سے متعلق معاہدوں کے لیے مختص ہے، جس سے پاکستان کو عالمی امن اور تزویراتی استحکام کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔