
اسلام آباد، 22 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان 23 سے 26 نومبر تک انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سیکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کا انعقاد عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے کیا جائے گا۔ چار روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں آئی اے ای اے کے نمائندوں کے علاوہ نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے اور عالمی سطح پر جوہری سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اجلاس کے شرکا جوہری سلامتی سے متعلق تربیت اور معاونت کے نظام کو بہتر بنانے، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان تجربات اور مہارت کے تبادلے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے اور جوہری سلامتی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر تعاون کے طریقہ کار پر بھی غور کیا جائے گا۔ پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے، جب یہ کانفرنس پہلی مرتبہ آئی اے ای اے کے ویانا میں واقع مرکزی دفتر سے باہر منعقد ہوئی تھی۔ اسلام آباد میں 15ویں سالانہ اجلاس کا انعقاد جوہری سلامتی کے فروغ اور عالمی سطح پر اس حوالے سے جاری کوششوں میں پاکستان کے مسلسل عزم کا مظہر ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بین الاقوامی تعاون، علم و تجربات کے تبادلے اور پائیدار صلاحیت سازی کے ذریعے عالمی جوہری سلامتی کو مضبوط بنانے میں اپنا فعال کردار جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔