Wednesday, September 2

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Pakistan, Saudi Arabia Sign MoU to Strengthen Cybersecurity Cooperation

سلام آباد، 2 ستمبر 2026 (نوشین): پاکستان اور سعودی عرب نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، اہم قومی مفادات کے تحفظ اور ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کی غرض سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ اور سعودی عرب کی نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی  کے گورنر انجینئر ماجد المزیّد نے دستخط کیے۔ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے سائبر اسپیس اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ معاہدے کے تحت ابھرتے اور بدلتے ہوئے سائبر سکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان معلومات، تجربات، مہارت اور بہترین عملی طریقہ کار کے تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ مفاہمتی یادداشت سے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ دونوں ممالک نے سائبر سکیورٹی کی صلاحیتوں میں اضافے، معلومات اور مہارت کے تبادلے اور ابھرتے ہوئے سائبر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ معاہدہ ڈیجیٹل اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔