Tuesday, November 24

پاکستان اور ترکیہ کا عدالتی تعاون اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ پر اتفاق

Pakistan, Türkiye Agree to Expand Judicial Cooperation and Promote Digitalisation

اسلام آباد، 24 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان اور ترکیہ نے عدالتی امور، قانونی مہارتوں کے تبادلے اور نظام انصاف میں مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال سمیت ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے اتفاق وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ترکیہ کی عدالتِ عظمیٰ برائے اپیل کے صدر عمر کرکز کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ہوا، جس میں اعلیٰ سطح کا ترک وفد بھی شریک تھا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اعلیٰ عدالتوں اور عدالتی اداروں کے درمیان براہ راست روابط کے ذریعے ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے ججوں کے درمیان تجربات کے تبادلے اور قریبی روابط سے عدالتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر نے ترک وفد کو وزارت قانون و انصاف کے دائرہ کار اور اہم ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں قائم کیے گئے انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس ادارے میں وکلا، ججوں اور سرکاری افسران کو ثالثی اور تنازعات کے متبادل حل کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔