
اسلام آباد، 5 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان اور برطانیہ نے سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون، ہجرت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق اسلام آباد میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے سکیورٹی ڈین جاروِس اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور آر فور پلس ای فور فریم ورک کے تحت جاری تعاون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اسلام آباد اور لندن کے درمیان دوطرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت اجاگر کی۔ یہ ملاقات حالیہ مہینوں میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں کا حصہ ہے۔ اکتوبر میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور اسٹیفن ڈاؤٹی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران انہوں نے اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ان ملاقاتوں میں اقتصادی ترقی، تجارت، علاقائی سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، تعلیم اور ہجرت کے امور زیر بحث آئے، جبکہ غیر قانونی ہجرت کی روک تھام اور مشترکہ سکیورٹی ترجیحات پر تعاون مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی گئی۔ اس سے قبل 27 اگست کو اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے تھے، جن میں دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی میں تعاون، سندھ طاس معاہدے اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اس دورے کے دوران اسحاق ڈار نے برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی تھی۔