اسلام آباد، 8 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ وزیراعظم نے اپنے ایکس ٹائم لائن پر جاری بیان میں حملے کو بزدلانہ اور شرمناک اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے بے گناہ انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ خطے کے امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
