
اسلام آباد، 2 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت ریلوے کو مسافروں کی سہولیات میں بہتری، ٹرینوں میں سفر کرنے والے افراد کی حفاظت یقینی بنانے اور ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت و دیکھ بھال کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایات وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کے دوران دیں، جنہوں نے انہیں وزارت ریلوے سے متعلق امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی مال بردار خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ فریٹ سیکٹر کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزارت ریلوے سے متعلق مختلف امور، بالخصوص جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔