
اسلام آباد، 29 نومبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے اور معاشی خودمختاری حاصل کرنے کے لیے قومی اتحاد اور مشکل اقتصادی فیصلوں کی ضرورت پر زور دیا ہے، اسلام آباد میں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران ملک کے قرضوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے ہر طبقے کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، انہوں نے سبسڈیز، ٹیکس چوری اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کو معاشی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں قرار دیتے ہوئے ساختی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی بندش سے 100 ارب روپے کی کرپشن روکی گئی، جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کے بعد مالی امداد کی شفاف فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹس متعارف کرائے گئے، انہوں نے پاکستان کی سفارتی اور دفاعی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی خدمات کی تعریف کی، وزیراعظم نے کہا کہ امریکا، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا مقصد علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سفارتی کامیابیوں کو معاشی فوائد میں تبدیل کرنا ضروری ہے، انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے مالی سال 2025-26 کے دوران نفاذ کے اقدامات کے ذریعے 900 ارب روپے وصول کیے، شہباز شریف نے جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 فیصد سے بڑھا کر کم از کم 6 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کرنے پر زور دیا اور بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، وزیراعظم نے زرعی شعبے میں فوری اصلاحات اور نوجوانوں کے لیے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔