
حیدرآباد، 6 اکتوبر 2026 (غفران): تاریخی نیا ز کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد کو میونسپل کارپوریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان معاہدے کے تحت 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک تقریب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیر احمد سید اور حیدرآباد کے میئر کاشف شورو نے شرکت کی۔ معاہدے کے تحت پی سی بی آئندہ 20 سال تک اسٹیڈیم کا انتظام سنبھالے گا اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید بنایا جائے گا، جبکہ اسٹیڈیم کی نشستوں کی گنجائش میں اضافہ اور تمام ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ مقامی اور ملکی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے اسٹیڈیم میں علاقائی کرکٹ اکیڈمی بھی فعال کی جائے گی۔ نیا ز کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ کی کئی تاریخی یادوں کا مرکز رہ چکا ہے، جہاں لیجنڈری پاکستانی بلے باز جاوید میانداد نے ناقابل شکست 288 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ اس اسٹیڈیم میں برصغیر میں منعقد ہونے والے پہلے آئی سی سی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ بھی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔