Friday, September 11

نورا فتیحہ کے خلاف 3 کروڑ روپے ہرجانے کا ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر

Aviation Firm Files Rs3 Crore Defamation Suit Against Nora Fatehi

احمد آباد، 11 ستمبر 2026 (غفران): ایک ایوی ایشن کمپنی نے بالی ووڈ اداکارہ نورا فتیحہ کے خلاف گاندھی نگر کی عدالت میں 3 کروڑ روپے ہرجانے کا دیوانی مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے سوشل میڈیا پر چارٹرڈ طیارے کو ’کھلونا‘ اور ’لیگو طیارہ‘ قرار دینے والے توہین آمیز اور غیر ذمہ دارانہ تبصروں سے کمپنی کی ساکھ اور کاروبار کو شدید نقصان پہنچا۔ ڈونز ایوی ایشن کی جانب سے دائر مقدمے کے مطابق نورا فتیحہ نے گزشتہ سال دسمبر میں ممبئی سے جے پور جانے والی پرواز کے دوران سیسنا سیٹیشن سی جے 2 طیارے کے اندر ویڈیوز بنائیں اور طیارے کو ’چھوٹا‘، ’کھلونا‘ اور ’لیگو طیارہ‘ قرار دیتے ہوئے یہ ویڈیوز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے 4 کروڑ 60 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور ان کے مبینہ غیر ذمہ دارانہ بیانات کے بعد بکنگ منسوخ ہونے کے ساتھ کمپنی کی تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ اپریل میں دائر کیے گئے مقدمے میں کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ نورا فتیحہ کے بیانات ’غیر ذمہ دارانہ‘ تھے اور ان کے پیچھے کوئی تکنیکی معلومات، تصدیق یا حقائق کی بنیاد موجود نہیں تھی، جس کے باعث کمپنی کو ساکھ، کاروباری اعتماد اور تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں نقصان اٹھانا پڑا۔ ڈونز ایوی ایشن کے مطابق اداکارہ کے تبصروں کے بعد بکنگ میں 15 سے 20 فیصد کمی اور منسوخیوں میں اضافہ ہوا۔ کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ طیارہ معیاری تھا، سفر کے لیے موزوں سائز کا حامل تھا، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن سے مکمل طور پر تصدیق شدہ اور پرواز کے قابل تھا جبکہ قانونی طور پر باقاعدہ نان شیڈولڈ آپریٹر پرمٹ کے تحت چلایا جا رہا تھا۔ کمپنی نے 3 کروڑ روپے ہرجانے کے علاوہ عدالت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے طیارے سے متعلق مبینہ بیانات یا حوالہ جات پر مشتمل تمام مواد فوری طور پر ہٹانے اور اداکارہ کو عوامی وضاحت جاری کرنے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی ہے۔ سینئر سول جج آر اگروال 25 ستمبر کو مقدمے کی سماعت کریں گے۔