اسلام آباد، 27 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): پاکستان کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں 2024 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کے مطابق سورۃ الرحمٰن کی تلاوت نے بیماری سے صحت یابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں سینئر اداکار نے کینسر کے خلاف اپنی جنگ اور تشخیص کے بعد گزرنے والے مشکل وقت کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2024 میں ان کے کان کے قریب ایک رسولی کی تشخیص ہوئی تھی۔تشخیص کا دن یاد کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے بتایا کہ نماز کے دوران انہوں نے آسمان کی طرف دیکھا اور اللہ تعالیٰ سے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی پر ظلم نہیں کیا اور نہ ہی کسی کا حق مارا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اگر دنیا میں ان کی ضرورت نہیں رہی تو اللہ تعالیٰ انہیں اپنے پاس بلا لے، کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ اداکار نے بتایا کہ انہوں نے یہ بھی دعا کی کہ انہیں بار بار اسپتال کے چکر نہ لگانے پڑیں اور کیموتھراپی جیسے تکلیف دہ مراحل سے نہ گزرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر رات بہت کچھ پڑھتے اور اس امید کے ساتھ سو جاتے کہ شاید اگلی صبح آنکھ نہ کھلے۔ نعمان اعجاز کے مطابق جب ان کے کینسر کی خبر سامنے آئی تو ایک قریبی دوست نے انہیں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس دن سے آج تک سورۃ الرحمٰن کی تلاوت جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کا یقین ہے کہ اس نے ان کی صحت یابی اور زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بعد ازاں ان کا کامیاب آپریشن ہوا اور رسولی نکال دی گئی۔ ان کے مطابق پہلی کیموتھراپی 23 جولائی 2024 کو ہونا طے تھی، تاہم 22 جولائی کو ڈاکٹروں نے انہیں فون کرکے بتایا کہ ٹیسٹ میں مزید کچھ نہیں ملا، جس کے بعد کیموتھراپی کی ضرورت نہیں رہی۔
