
راولپنڈی10 اپریل 2026(کامران راجہ): پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان کے سربراہ فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک مضبوط ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے، تاہم اندرونی و بیرونی حالات کے تناظر میں قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ اگر ہم ریاست کے خلاف چلیں گے تو اس کا فائدہ دشمن کو ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکز القدس راولپنڈی میں عید ملن پارٹی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی انجینئر مبین صدیقی اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات حافظ عبدالقدوس بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کم از کم پچیس سالہ جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور اب سیاسی جماعتوں کو محض نعروں کے بجائے تعمیرِ وطن پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے خدمتِ خلق کو اپنا مشن بنایا ہے، رمضان المبارک کے دوران سحری و افطاری کے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے، ہزاروں مستحق خاندانوں تک راشن پہنچایا گیا اور صحافتی برادری سمیت مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت میں انٹرا پارٹی انتخابات اور رکنیت سازی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے جس میں عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ہماری کوشش ہے کہ سیاست کو موروثی نظام سے نکال کر عام آدمی تک پہنچایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں تنظیمی رابطہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ان علاقوں میں فلاحی سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا، کیونکہ بلوچستان پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اب مایوسی کے اندھیروں سے نکل رہا ہے اور ہمیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قومی ہیروز پر ہمیں فخر ہے اور ملکی سلامتی کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔