Saturday, August 29

لاہور میں ایلیٹ فورس ٹریننگ کے دوران 2 اے ایس آئی جاں بحق

Two ASIs Die During Training Race at Elite Force Centre in Lahore

لاہور، 28 اگست 2026 (کامران راجہ): لاہور میں بدیان روڈ پر واقع ایلیٹ فورس ٹریننگ سینٹر میں جمعرات کو تربیتی دوڑ کے دوران 2 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی پٹرولنگ پولیس کے اے ایس آئی سید تصور شاہ تربیتی دوڑ میں حصہ لیتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور زیادہ حبس کے باعث ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ سرگودھا ریجن سے تعلق رکھنے والے ایک اور اے ایس آئی محمد ارشد ولد محمد شفیع بھی تربیتی دوڑ کے دوران بیمار ہوگئے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکے۔ بعد ازاں ان کی میت مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق دوڑ کے دوران ایک اور اہلکار کی طبیعت بھی شدید خراب ہوگئی، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ واقعہ شدید گرم موسم میں 4 کلومیٹر کی تربیتی دوڑ کے دوران پیش آیا۔ایک ہی روز 2 اے ایس آئیز کی ہلاکت کے واقعے نے شدید موسمی حالات میں اہلکاروں کی سخت تربیتی سرگرمیوں کے دوران صحت اور حفاظتی انتظامات سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے۔