Tuesday, September 1

قصور پاسپورٹ آفس میں ایف آئی اے کا چھاپہ، 11 ملزمان گرفتار

لاہور،یکم ستمبر2026(کامران راجہ): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے قصور پاسپورٹ آفس میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر شہریوں سے غیر قانونی اضافی رقم وصول کرنے والے 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں پاسپورٹ آفس کے 7 ملازمین، 3 پاسپورٹ ایجنٹس اور پنجاب پولیس کا ایک کانسٹیبل شامل ہے۔

گرفتار پاسپورٹ آفس ملازمین میں محمد وقاص، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، شہزاد، یو ڈی سی، محمد الیاس، ڈیٹا انٹری آپریٹر، غلام مصطفیٰ، سینیٹورل اسٹاف، جبکہ 3 سیکیورٹی گارڈز شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران پنجاب پولیس کے کانسٹیبل روہیل اور 3 پاسپورٹ ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر آپس کی ملی بھگت سے شہریوں کو پاسپورٹ جلد اور فوری بنوانے کا جھانسہ دے کر سرکاری فیس کے علاوہ غیر قانونی طور پر اضافی رقم وصول کر رہے تھے۔

کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹس، ٹوکنز، بینک چالان، رسیدیں اور دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ پاسپورٹ مافیا سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق قصور پاسپورٹ آفس میں مبینہ کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق جاری تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ ملوث دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔