
کوہاٹ، یکم ستمبر 2026(کامران راجہ): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع کوہاٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس جوانوں کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے اہلکاروں کے انفرادی اور اجتماعی مسائل سنے اور ان کے بروقت حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
آئی جی پی کی کوہاٹ پولیس کلب آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ ذوالفقار حمید نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں کوہاٹ پولیس کلب میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عرفان طارق، ڈی پی او کوہاٹ ایس ایس پی رائے مظہر اقبال، ڈی پی او ہنگو طارق حبیب، ڈی پی او کرک عمران خان سمیت دیگر پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عرفان طارق نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل اور چیلنجنگ حالات کے باوجود کوہاٹ ریجن پولیس پوری طرح مستعد ہے۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
پولیس دربار کے دوران ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں نے براہ راست آئی جی پی کے سامنے اپنے مسائل، تجاویز اور مطالبات پیش کیے۔ آئی جی پی نے اہلکاروں کے مسائل فرداً فرداً سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کر رہی ہے اور میدانِ عمل میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نبرد آزما جوان ہمارا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ فورس کو جدید سہولیات، وسائل اور معیاری تربیت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا حل بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
آئی جی پی نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، میرٹ اور قانون کے مطابق برتاؤ کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور جرائم و دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
دورے کے اختتام پر آئی جی خیبر پختونخوا نے پولیس جوانوں کے ساتھ ظہرانے میں شرکت کی اور اہلکاروں کے ہمراہ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ اس موقع پر وہ جوانوں میں گھل مل گئے اور ان کی خدمات و قربانیوں کو سراہا۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس فورس ایک خاندان کی مانند ہے، جوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوان مشکل ترین حالات میں بھی ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں، جس پر پوری فورس کو فخر ہے۔