Sunday, August 23

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی پر بات چیت کے لیے تہران کا دورہ

CDF Asim Munir to Visit Tehran for Bilateral Cooperation, Regional Security Talks

اسلام آباد 23 اگست 2026 (کامران راجہ): چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل عام منیر پیر کو ایران کے دارالحکومت تہران کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس بات کی تصدیق کی ہے. اسماعیل بقائی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ دورے کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر گفتگو متوقع ہے۔ دریں اثنا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران بدستور ایسی صورتحال میں ہے جسے وہ جنگ کی حالت قرار دیتے ہیں اور ملک کو مکمل اقتصادی، فوجی اور سکیورٹی جنگ کا سامنا ہے۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران سخت امریکی پابندیوں کے باوجود ثابت قدم ہے اور وہ اس کے بقول غیر مساوی جنگ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایرانی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا بنانے کی کوشش کی، تاہم وہ اس میں ناکام رہا۔ ان کے مطابق دشمن ایران کو تباہ کرنا چاہتا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران مضبوط قومی اتحاد کے ذریعے ایک ایسی طاقت کے طور پر ابھرا ہے جو دنیا کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی عوام کو درپیش مشکلات جلد دور ہو جائیں گی۔