
غزہ، 26 نومبر 2026 (غفران): غزہ کی پٹی میں جمعرات کی علی الصبح اسرائیلی فوج کے دو مختلف حملوں میں نائب وزیر تعلیم خالد محمود ابو ندا اور ان کی اہلیہ سمیت کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں ایک رہائشی عمارت کے اپارٹمنٹ کو اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 56 سالہ خالد محمود ابو ندا اور ان کی 49 سالہ اہلیہ عبیر محمد ابو ندا شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع نے خالد ابو ندا کی شناخت غزہ کے نائب وزیر تعلیم کے طور پر کی ہے۔ شمالی غزہ میں ایک الگ واقعے کے دوران اسرائیلی ڈرون نے الشاطی پناہ گزین کیمپ میں شہریوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ طبی حکام کے مطابق حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو الشفا اسپتال منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں اپنی تعیناتی کے مقامات کے قریب فلسطینیوں کے گھروں اور دیگر عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کر دیا، جبکہ اسرائیلی فوجی گاڑیوں سے شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ جنگ بندی معاہدے کے باوجود جاری اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ میں تشدد اور انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔