
ریاض، 26 نومبر 2026 (نوشین): یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے جمعرات کی علی الصبح سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے حوثی باغیوں کے دو بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا ذمہ دار یمن کے حوثی گروپ کو قرار دیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک عینی شاہد کے مطابق جمعرات کی صبح ریاض میں متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سعودی سول ڈیفنس نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ریاض ریجن کے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا۔ سعودی سول ڈیفنس نے بعد ازاں اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے دھماکوں کی وجوہات، ممکنہ نقصان یا جانی نقصان سے متعلق فوری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ترکی المالکی نے بعد میں بتایا کہ اتحادی افواج کے فضائی دفاعی نظام نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے دو ڈرونز کو بھی روک کر تباہ کر دیا ہے۔ یہ واقعات سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آئے ہیں، جس سے خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔