
تہران، 26 نومبر 2026 (کامران راجہ): ایران کی اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد واحدی نے کہا ہے کہ ایرانی افواج دشمن کا مقابلہ کرنے اور اسے پیچھے دھکیلنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور تیار ہیں۔ بدھ کے روز ایک نمائش کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے احمد واحدی نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب دشمن کو ایرانی سرزمین سے کافی دور تک پیچھے دھکیلنے کی مکمل صلاحیت اور تیاری رکھتے ہیں۔ ایرانی سرکاری خبر رساں اداروں ارنا اور پریس ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج متحد اور ہر قسم کے دفاعی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ ان کے بقول ایران کے مخالفین اس وقت اپنے مشکل ترین ادوار میں سے ایک سے گزر رہے ہیں اور ایرانی قوم کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ احمد واحدی نے مزید کہا کہ ایران کے دشمن اپنے اقدامات کے نتائج بھگت رہے ہیں اور انہیں مستقبل میں کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے ایران کے ممکنہ جوابی ردعمل کو مدنظر رکھنا پڑے گا۔ ان کے مطابق اس صورت حال نے مخالفین کو اسٹریٹجک غیر یقینی اور تعطل سے دوچار کر دیا ہے، جس کا سہرا ایرانی قوم اور مسلح افواج کی ثابت قدمی کو جاتا ہے۔ دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ دوبارہ جنگ بھڑکانے کی کوشش سے باز رہیں، بصورت دیگر تہران کی جانب سے پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔