اسلام آباد 26فروری2025(کامران راجہ): وفاقی وزیر برائے تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت، خالد مقبول صدیقی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نئے تیار کردہ ‘ایگزام مینجمنٹ سسٹم’کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ایک احسن اقدام ہے جس پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور اُن کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے تعلیم میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کرنے کے لئے میری خواہش ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی کے مابین معاہدہ ہوجائیں تاکہ آئی ٹی ایکسپرٹس پیدا کئے جاسکیں جو دنیا کی ضرورت ہے۔ امتحانی نظام میں ٹرانسپرنسی سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تبدیلی آئے گی اور امتحانی نظام میں شفافیت کی جانب قدم اٹھانے پر ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ امتحانی نظام کا ڈیجٹل ہونا وقت کی ضرورت تھی جس سے سیکیورٹی، ایکوریسی اورشفافیت سمیت پورے امتحانی نظام میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام میں تبدیلی کا سفر ہم نے 2018ء میں شروع کیا تھا، بتدریج آگے بڑھتے رہے اور آج یہ عمل مکمل ہوا، اس اقدام کے نتیجے میں دیگر اداروں پر ہمارا انحصار اب ختم ہوگیا ہے۔ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ امتحان کے انتظامی امور میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے اب وقت اور وسائل کی بھی بچت ہوگی۔کنٹرولر امتحانات، میاں محمد ریاض نے کہا کہ ہم ہر سمسٹر میں 1200مختلف کورسز میں کم و بیش 5لاکھ طلبہ کا امتحان لیتے ہیں جس کے لئے سکردو سے گوادر تک 500سے زائد امتحانی مراکز بنتے تھے، امتحانات کے بعد اِن امتحانی مراکز سے 2ملین جوابی کاپیاں موصول ہوتی ہیں جس پر وقت اور یونیورسٹی کے وسائل خرچ ہوتے رہیں، نئے نظام سے اب وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اورامتحانات کے مجموعی نظام میں شفافیت آئے گی۔ڈپٹی کنٹرول امتحانات، سید فہیم حسین شاہ نے ایگزام مینجمنٹ سسٹم کے خدوخال تفصیل سے بیان کئے۔ڈپٹی کنٹرولر امتحانات، ہدیٰ جاویدنے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے۔تقریب میں یونیورسٹی کے چاروں ڈینز، پروفیسرز، پرنسپل افسران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ ریجنل ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی۔واضح ہو کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایگزام مینجمنٹ سسٹم پاکستان پوسٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے تیار کیا ہے۔پاکستان پوسٹ فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، عبدالزراق بھی اس تقریب میں شریک تھے۔