Saturday, October 3

شی جن پنگ کا قومی احیاء کے سفر کیلئے اعتماد اور عملی اقدامات پر زور

Xi Jinping Calls for Confidence and Concrete Steps Towards China’s National Rejuvenation

بیجنگ، 30 ستمبر 2026 (کامران راجہ): چینی صدر شی جن پنگ نے چینی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھے اور چینی قوم کے عظیم قومی احیاء کے مقصد کے حصول کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے یہ بات بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کی صدارت چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کی، جبکہ چین کی اعلیٰ قیادت اور تقریباً 800 مہمانوں نے شرکت کی۔ شی جن پنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ قومی احیاء کا عمل ناقابلِ روک تھام ہے اور ملک کو اپنے اہداف پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے مسلسل پیش رفت جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 برس کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے چینی عوام کی قیادت کرتے ہوئے تیز رفتار معاشی ترقی اور دیرپا سماجی استحکام سمیت اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود چینی معیشت نے پیش رفت جاری رکھی ہے۔ انہوں نے جدت پر مبنی اور اعلیٰ معیار کی ترقی، عوام کے معیار زندگی میں بہتری اور 2026 کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے مسلسل کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے ان اقدامات کو 2026 سے 2030 تک جاری رہنے والے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کے مضبوط آغاز کیلئے اہم قرار دیا۔ ہانگ کانگ اور مکاؤ کے حوالے سے شی جن پنگ نے ’’ایک ملک، دو نظام‘‘ کے اصول کیلئے چین کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت دونوں خطوں کو ملک کی مجموعی ترقی کے ساتھ مزید قریبی انضمام کیلئے معاونت فراہم کرے گی، جبکہ ان کی طویل مدتی خوشحالی اور استحکام برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے آبنائے تائیوان کے دونوں جانب مزید تبادلوں اور تعاون پر بھی زور دیا اور ’’تائیوان کی آزادی‘‘ کی حمایت کرنے والی قوتوں اور بیرونی مداخلت کی مخالفت کا اعادہ کیا۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے چینی صدر نے کہا کہ چین امن کی آزادانہ پالیسی پر عمل جاری رکھے گا اور اپنے چار اہم عالمی اقدامات کو آگے بڑھائے گا، جبکہ انسانیت کے مشترکہ مستقبل پر مبنی برادری کے قیام کیلئے بھی کردار ادا کرتا رہے گا۔