
پشاور، 02 ستمبر 2026(کامران راجہ): کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڈھ بیر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج سے وابستہ 4 مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دیگر دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی ٹی ڈی پشاور کو علاقے میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور حکومتی رِٹ کو چیلنج کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ اطلاعات کی روشنی میں خصوصی SWAT ٹیمز تشکیل دے کر علاقے کے ممکنہ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور ایمبوش کیا گیا۔
کارروائی کے دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم انہوں نے موٹر سائیکلیں چھوڑ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 30 منٹ تک جاری رہا۔
فائرنگ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں خارجی کمانڈر طاہر عرف معاویہ، سکنہ شاکس، ضلع خیبر بھی شامل ہونے کا شبہ ہے، تاہم شناخت کی مزید تصدیق جاری ہے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرینیڈ، موبائل فون، 3 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال 2 موٹر سائیکلیں بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہیں۔
سرچ آپریشن کے دوران ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان تذکرہ بھی برآمد ہوا، جو امان خان ولد علی خان، ساکن کنڑ، افغانستان کے نام سے جاری شدہ ہے۔ تذکرے پر درج تصویر ہلاک دہشت گرد سے مماثل پائی گئی ہے، تاہم مزید تصدیق اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور ضروری تکنیکی کارروائی کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ اور کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔
فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے بڈھ بیر اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے کامیاب کارروائی پر CTD افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر سی پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔