اسلام آباد، 20 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان جاری اختلافات اور علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیوں نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، سنیتا نے مبینہ طور پر شوہر کے خلاف دائر طلاق کا کیس واپس لے لیا۔ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور دونوں کے دو بچے، بیٹی ٹینا آہوجا اور بیٹا یش وردھن آہوجا ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا اپنے بیٹے یش وردھن آہوجا کے ہمراہ ممبئی کی باندرہ فیملی کورٹ پہنچیں۔ ان کی عدالت آمد نے ایک بار پھر جوڑے کی ازدواجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔ عدالت سے باہر نکلتے ہوئے جب پاپارازی نے سنیتا سے عدالت آنے کی وجہ دریافت کی تو انہوں نے مبینہ طور پر مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ وہ ”سالگرہ منانے آئی تھیں۔“ سنیتا کی عدالت آمد کے بعد گووندا کے منیجر ششی سنہا نے جوڑے کے درمیان اختلافات سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سنیتا نے طلاق کا کیس واپس لے لیا ہے۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز سٹی سے گفتگو کرتے ہوئے ششی سنہا نے کہا کہ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، سنیتا جی نے اپنا کیس واپس لے لیا ہے اور یہ تو خوش ہونے کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کے باہر سنیتا کو بظاہر غصے میں دیکھ کر لوگوں نے سمجھا ہوگا کہ کوئی مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، تاہم اب دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے۔اس پیش رفت نے گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری مبینہ اختلافات اور علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیوں کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔
