Thursday, August 6

روس کے یوکرین پر تازہ حملے، رہائشی علاقوں اور بحیرہ اسود کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا گیا، کم از کم 6 افراد ہلاک

6 اگست 2026 (غفران): یوکرین پر روس کے تازہ حملوں میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ یوکرینی حکام کے مطابق حملوں میں مشرقی خارکیف ریجن اور شمالی سومی ریجن کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خارکیف ریجن کے شہر بالاکلیا میں روسی حملوں کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ شمالی سومی ریجن میں مختلف آبادیوں پر کیے گئے حملوں میں مزید تین افراد ہلاک جبکہ کم از کم 19 افراد زخمی ہوئے۔ اسی دوران سومی شہر پر گائیڈڈ فضائی بم گرائے گئے، جن سے مزید 12 شہری زخمی ہوگئے۔

جنوبی یوکرین کے شہر خیرسون میں ایک ڈرون حملے کے دوران مسافر وین کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین کی بحیرہ اسود میں واقع بندرگاہ اوڈیسا کے قریب دو مال بردار جہازوں کو نشانہ بنایا، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ فوجی سامان لے جا رہے تھے۔ تاہم یوکرینی حکام نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں گندم لے جانے والا ایک غیر ملکی پرچم بردار تجارتی جہاز متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن ہلاک جبکہ جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ تازہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب روس اور یوکرین ایک دوسرے پر طویل فاصلے تک حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور امن مذاکرات کی بحالی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے پر شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔