
اسلام آباد، 18 اگست، 2026 (غفران): راولپنڈی اور اسلام آباد میں منگل کے روز موسلادھار بارش کے باعث انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سمیت دیگر موسمی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے۔ واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے منیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریان کے مقام پر پانی کی سطح 10.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 8.5 فٹ تک پہنچ گئی۔راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں ریکارڈ کی گئی، جہاں اب تک 116 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔ پانی جمع ہونے سے روکنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا کی ٹیمیں اور بھاری مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس اور مری روڈ کے نشیبی حصوں میں بھی بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث انتظامیہ نے ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد سمیت دیگر حساس علاقوں میں بھی مشینری تعینات کر دی ہے۔حکام نالہ لئی اور دیگر حساس مقامات پر پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور فیلڈ ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔