Sunday, August 16

‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ نے چین میں دو ایوارڈز جیت لیے

 

'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' نے چین میں دو ایوارڈز جیت لیے

بیجنگ، 16 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستانی بلاک بسٹر فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ نے چین میں ہونے والے ساتویں جیکی چن انٹرنیشنل ایکشن فلم ویک میں دو اہم ایوارڈز اپنے نام کر لیے۔بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کو ایونٹ کی اختتامی تقریب میں اسپیشل جیوری ایوارڈ اور بیسٹ آرٹ ڈائریکشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔بلال لاشاری نے انسٹاگرام پر اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے اسے موریٹل کومبیٹ 2 اور دی فیوریئس جیسی فلموں کے ساتھ ملنے والی پذیرائی کو ایک ’’ناقابل یقین‘‘ لمحہ قرار دیا۔ہدایت کار کے مطابق انہیں شدید بارش کے دوران کھلے آسمان تلے منعقدہ تقریب میں ایوارڈز دیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مائیک تک پہنچتے پہنچتے وہ مکمل طور پر بھیگ چکے تھے جبکہ ایک اجنبی شخص نے ان کے لیے چھتری تھام رکھی تھی۔بلال لاشاری نے کہا کہ بیسٹ آرٹ ڈائریکشن ایوارڈ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ فلم کے پروڈکشن ڈیزائنرز نمشہ عباسی اور حمزہ باجوہ کی کاوشوں کا اعتراف ہے، جنہوں نے فلم کی منفرد بصری دنیا تخلیق کی۔

انہوں نے جیکی چن کے نام سے منسوب تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کو اپنا خواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے ہی لیجنڈری اداکار جیکی چن کی فلمیں دیکھتے آئے ہیں۔ بلال لاشاری نے کہا کہ جیکی چن سے ذاتی طور پر ملاقات، ان کی جانب سے مبارکباد ملنا اور فلم کے لیے پذیرائی حاصل کرنا ایسی چیز تھی جس کا انہوں نے فلم پر کام شروع کرتے وقت کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ہدایت کار نے فلم کی چین میں کامیابی کے سفر کے دوران تعاون کرنے پر پروڈیوسر عمارہ حکمت اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور یہ اعزاز پاکستان کے نام کر دیا۔1979 کی مقبول کلاسک فلم کے ری بوٹ کے طور پر بنائی گئی ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، ہمایما ملک، گوہر رشید، فارس شفیع اور علی عظمت نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔