Saturday, September 19

دلجیت دوسانجھ ویمبلے میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی گلوکار بن گئے

Diljit Dosanjh becomes first Punjabi singer to perform at Wembley Stadium

لندن، 17 ستمبر 2026 (نوشین): پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے لندن کے معروف ویمبلے اسٹیڈیم میں مرکزی فنکار کے طور پر پرفارم کرکے تاریخ رقم کردی اور وہ اس مقام پر پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بن گئے ہیں۔ یہ کامیابی ان کے جاری ’اورا ورلڈ ٹور‘ کے دوران حاصل ہوئی، جو برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔ ویمبلے میں پرفارمنس کے دوران دلجیت نے اعلان کیا کہ وہ 21 نومبر 2026 کو بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھی کنسرٹ کریں گے۔ برطانیہ میں ان کے دورے کا سلسلہ 18 ستمبر کو برمنگھم اور 20 ستمبر کو مانچسٹر میں ہونے والی پرفارمنسز کے ساتھ مکمل ہوگا۔ اس سے قبل دلجیت شمالی امریکا کا کامیاب دورہ بھی کرچکے ہیں، جہاں نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ان کے دو ہاؤس فل کنسرٹس ہوئے، اور وہاں بھی وہ مرکزی حیثیت سے پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بنے۔ ان کے 15 شوز پر مشتمل شمالی امریکا کے دورے کے دوران 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے اور 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز سے زائد آمدنی ہوئی۔ دلجیت 2023 میں کوچیلا میوزک فیسٹیول میں مرکزی فنکار کے طور پر پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار جبکہ 2024 میں ’دی ٹونائٹ شو اسٹارنگ جمی فیلن‘ میں پرفارم کرنے والے پہلے بھارتی فنکار بھی بن چکے ہیں۔ ان کی مسلسل عالمی پرفارمنسز کے باعث پنجابی موسیقی اور ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر مزید شناخت مل رہی ہے۔