Friday, August 14

دبئی میں قونصلیٹ جنرل پاکستان میں یومِ آزادی کی تقریب

دبئی، 14 اگست 2026 (غفران): قونصلیٹ جنرل پاکستان، دبئی میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی جذبے، ملی وقار اور جوش و خروش کے ساتھ آزادی کا جشن منایا گیا۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد، قونصلیٹ جنرل کے افسران و اہلکاران اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد علی خان، قائم مقام قونصل جنرل پاکستان دبئی نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست قومی کیلنڈر کی محض ایک تاریخ نہیں بلکہ آزادی، قربانی، عزم اور قومی تشخص کی علامت ہے۔قائم مقام قونصل جنرل نے قیامِ پاکستان کی تاریخی جدوجہد اور ملک کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ قائدِاعظم نے قوم کو نہ صرف ایک آزاد وطن فراہم کیا بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی واضح وژن بھی دیا۔ فواد علی خان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت اور وطن میں اپنے خاندانوں کی فلاح و بہبود میں بھی نمایاں حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے قانونی اور بینکاری ذرائع کے ذریعے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھیجنے پر کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کے عزم کا عملی مظہر قرار دیا۔

قائم مقام قونصل جنرل نے پیرا لیل پیلیٹ کے تعاون سے قونصلیٹ جنرل پاکستان، دبئی میں منعقدہ آرٹ نمائش کا بھی دورہ کیا۔ نمائش میں پاکستانی فنکاروں کے ایسے فن پارے پیش کیے گئے جو قائدِاعظم کے نظریات اور پاکستان سے ان کی محبت سے متاثر ہو کر تخلیق کیے گئے تھے۔انہوں نے پیرا لیل پیلیٹ کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص محترمہ سوبیکا فواد، محترمہ افشین بیگ اور دیگر پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور نمائش میں شرکت کو سراہا۔ یہ نمائش حکومتِ پاکستان کی جانب سے 2026 کو ’’سالِ قائدِاعظم‘‘ کے طور پر منانے کے سلسلے میں قائدِاعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔اپنے خطاب کے اختتام پر فواد علی خان نے پاکستان کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی خدمت کے لیے خلوص اور لگن کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے پاکستان کی تحریکِ آزادی کو متحرک کرنے والی اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔تقریب کا اختتام پاکستان کی مسلسل ترقی، امن، خوشحالی اور سلامتی کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔