Thursday, November 12

ترکیہ اور سعودی عرب کا دفاعی تعاون اور مشترکہ پیداوار بڑھانے پر اتفاق

Türkiye and Saudi Arabia Move to Expand Defence Cooperation and Joint Production

استنبول، 12 نومبر 2026 (کامران راجہ): ترکیہ اور سعودی عرب نے مشترکہ پیداوار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و ترقی سمیت دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ استنبول میں جمعرات کو منعقدہ ترکیہ سعودی عرب دفاعی صنعتی دنوں سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے دفاعی صنعتوں کے سیکریٹریٹ کے صدر ہالوک گورگون نے کہا کہ ترکیہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے، جسے تقریباً 4 ہزار 500 دفاعی صنعت سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، ایک ہزار 400 سے زائد منصوبوں اور تقریباً 120 ارب ڈالر مالیت کے منصوبہ جاتی پورٹ فولیو کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران سعودی دفاعی حکام کے ساتھ 75 ملاقاتیں کی جا چکی ہیں اور ریاض کے وژن 2030 کے تحت دفاعی پیداوار کا کم از کم 50 فیصد مقامی سطح پر تیار کرنے کے ہدف کے حصول کے لیے سعودی شراکت داروں کے ساتھ کام جاری ہے۔ سعودی وزیر مملکت اور جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز کے قائم مقام گورنر بندر الخریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط دوطرفہ تعلقات پر مبنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے دفاعی پیداوار میں مقامی شراکت کا تناسب 4 فیصد سے بڑھا کر 27 فیصد کر دیا ہے، جبکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور طویل المدتی شراکت داریوں کے ذریعے اسے 50 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ترکیہ کے نائب وزیر صنعت و ٹیکنالوجی چیتن علی دونمیز نے ملک کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور ایرو اسپیس شعبے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی دفاعی برآمدات 2002 میں 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔ انہوں نے تحقیق و ترقی، مینوفیکچرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی برآمدات میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔ حکام اور صنعتی شعبے کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ قریبی تعاون سے بڑی دفاعی کمپنیوں، چھوٹے کاروباری اداروں اور ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ تعاون کے ممکنہ شعبوں میں خودکار نظام، فضائی اور میزائل دفاع، پروپلشن ٹیکنالوجیز اور خلائی نظام شامل ہیں، جبکہ دونوں ممالک کا مقصد صنعتی صلاحیتوں اور تکنیکی ترقی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔