Thursday, August 6

بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں، سیکیورٹی فورسز نے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے

اسلام آباد، 06 اگست 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی فورسز نے 5 اور 6 اگست 2026 کو بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جاری مہم “ردالفتنہ-3” کے تحت کی گئیں، جس کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے چھ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الہندوستان سے تھا۔

دوسری انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی 6 اگست کو ضلع مستونگ میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید چھ دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک کے امن و استحکام کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔