اسلام آباد، 13 اگست 2026 (کامران راجہ): براڈ پیک پر تقریباً 15 روز قبل آنے والے برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش برآمد کرلی گئی۔برفانی تودہ گرنے کے بعد مجموعی طور پر 10 کوہ پیما لاپتا ہوئے تھے، جن میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل تھے۔ذرائع کے مطابق سہیل سخی کی لاش براڈ پیک کے ٹریکنگ روٹ پر سفر کرنے والے پورٹرز نے تلاش کی، جس کے بعد لاش کو بیس کیمپ منتقل کردیا گیا۔ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سہیل سخی کی لاش ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیس کیمپ سے اسکردو منتقل کی جائے گی۔حادثے کے بعد اب تک 7 کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں، جن میں 5 نیپالی کوہ پیما بھی شامل ہیں۔ جبکہ دیگر لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ ادارے باقی لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں
