
دبئی، 16 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ تازہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں دو، دو درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے بالترتیب 13ویں اور 16ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 103 گیندوں پر 76 رنز بنائے جبکہ سعود شکیل نے 43 اور 29 رنز کی اننگز کھیلی، سابق کپتان شان مسعود نے چار درجے ترقی کرتے ہوئے 37ویں پوزیشن حاصل کی، انہوں نے دوسری اننگز میں 95 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ نے 63 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 91ویں پوزیشن پر جگہ بنالی، ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، دوسری جانب عبداللہ شفیق 11 درجے تنزلی کے بعد 46ویں، محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 34ویں جبکہ سلمان علی آغا ایک درجہ نیچے آکر 44ویں نمبر پر آگئے، پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، ایجبسٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 133 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں 449 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 130 رنز کا ہدف دیا، جسے انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش مکمل کیا۔