Sunday, September 20

ایف آئی اے مردان کا رات بھر آپریشن، ایم ڈی کیٹ طلباء کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

FIA Mardan Launches Overnight Operation, Arrests Gang Defrauding MDCAT Students

مردان، 20 ستمبر 2026 (کامران راجہ): ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبرپختونخوا محمد اعجاز خان کی ہدایت پر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل مردان کی ٹیم نے مختلف مقامات پر رات بھر بڑا آپریشن کرتے ہوئے ایم ڈی کیٹ  طلباء اور ان کے والدین کو مبینہ طور پر لوٹنے والے گروہ کے متعدد اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ایم ڈی کیٹ امتحان میں پیسے لے کر نمبرز بڑھوانے کا جھانسہ دے کر طلباء اور والدین سے بھاری رقوم بٹورتے تھے۔ رات بھر جاری رہنے والی کارروائی کے دوران نیٹ ورک سے منسلک متعدد مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے موبائل فونز فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل ڈیٹا کی روشنی میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ گروہ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری اور پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔