
اسلام آباد، 20 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی اپوسٹل اسٹیکرز، سرکاری مہروں اور جعلی دستاویزات پر مشتمل مبینہ فراڈ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 22 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ قابلِ اعتماد ذرائع کی اطلاع پر ایف آئی اے ٹیم نے ایف اینڈ ایف پلازہ، آبپارہ اسلام آباد کے بیسمنٹ میں واقع متعدد کنسلٹنسی اور کورئیر دفاتر پر چھاپہ مارا اور جعلی اپوسٹل اسٹیکرز، سرکاری مہروں اور دستاویزات کی تیاری، ترسیل اور استعمال سے متعلق مبینہ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔ مقدمہ نمبر 48/2026 پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 420، 468، 471 اور 109 جبکہ پریونشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات کے دوران سوفی کنسلٹنٹس، ایکسیلنٹ کورئیر سروس، لیوپرڈ کورئیر سروسز، راک کنسلٹنسی، نون کنسلٹنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ، جی ایم کنسلٹنٹس اور فیئر لائن سروس کے مالکان اور ملازمین سمیت 16 نجی افراد کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ وزارتِ خارجہ کے 6 افسران، جن میں اے ڈی/اے پی ایس اٹیسٹیشن، انچارج اپوسٹل اور دیگر اہلکار شامل ہیں، کے بھی مبینہ طور پر نیٹ ورک میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر اپوسٹل اور تصدیقی خدمات کو جلد مکمل کروانے کے نام پر درخواست گزاروں سے بھاری رقوم وصول کرتے اور وزارتِ خارجہ کے بعض افسران کو رشوت دیتے تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق جعلی اپوسٹل اسٹیکرز پاکستان کے مختلف علاقوں میں گردش کر رہے تھے، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ عدالت نے گرفتار ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے جبکہ مقدمے کی تفتیش انسپکٹر ارسلان مسعود خان کریں گے۔ ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل کی زیر نگرانی کی گئی۔ کارروائی میں انسپکٹر ارسلان مسعود خان، انسپکٹر حنا رباب ہاشمی، سب انسپکٹر تابش جاوید، سب انسپکٹر فرحین مرتضیٰ، سب انسپکٹر شہریار، اے ایس آئی صفیر کیانی، اے ایس آئی وقاص، اے ایس آئی سہیل طارق اور ہیڈ کانسٹیبل محمد عزیر شامل تھے۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی اور جعلسازی میں ملوث عناصر، خواہ ان کا تعلق نجی شعبے سے ہو یا سرکاری اداروں سے، کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔